مودی کوبھی کیاٹیگ ،وزیر اعلی نے ٹوئٹ کرکے دی صفائی
ممبئی، 9 ؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مشہور کامیڈین کپل شرما نے آج سنگین الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ ان کے دفتر کی تعمیر کے لیے ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)نے ان سے پانچ لاکھ روپے کی رشوت کا مطالبہ کیا ہے اور اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہ ہیں آپ کے ’اچھے دن‘۔مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے فورا شرما کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے شرما کو ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔کپل نے بدعنوانی کے مسئلے کو اٹھاتے ہوئے اور اپنے درد کا اظہار کرتے ہوئے آج صبح ٹوئٹ کیاکہ میں گزشتہ 5سالوں سے 15کروڑ روپے سالانہ ٹیکس ادا کر رہا ہوں اور پھر بھی مجھے اپنا دفتر بنانے کے لیے بی ایم سی کو پانچ لاکھ روپے رشوت دیناپڑتا ہے۔انہوں نے اس ٹوئٹ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھاکہ یہ ہیں آپ کے ’اچھے دن‘؟ غورطلب ہے کہ وزیر اعظم مودی نے 2014کی اپنی انتخابی مہم کے دوران ’اچھے دن آنے والے ہیں ‘کا نعرہ دیا تھا۔شرما کے ٹوئٹ کو کئی لوگوں نے ری ٹویٹ کیا۔ٹوئٹر پر کپل کے 62لاکھ 20ہزار فالورس ہیں۔شکایت کا فوری طورپرنوٹس لیتے دیتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلی فڑنویس نے ملزم کو سزا دینے کے لیے شرما سے ضروری معلومات مہیا کرانے کی درخواست کی ہے۔
وزیر اعلی نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ کپل بھائی ،برائے مہربانی ، مکمل معلومات فراہم کریں، ایم سی، بی ایم سی کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، ہم ملزم کو معاف نہیں کریں گے۔بی ایم سی نے بھی شرما سے اس افسر کے نام کا خلاصہ کرنے کے لیے کہا ہے جس نے ان سے مبینہ طورپر رشوت کا مطالبہ کیا تھا ۔بی ایم سی میں ویجلینس محکمہ کے چیف انجینئر منوہر پوار نے میڈیا سے کہاکہ میں نے کپل شرما جی سے رشوت مانگنے والے افسر کے نام کا خلاصہ کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ ہم اس کے خلاف جانچ شروع کرکے مناسب کارروائی کر سکیں، ہمیں امید ہے کہ کپل ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔پوار نے کہاکہ ہمیں بہت افسوس ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ کپل شرما ملزم کے نام کا خلاصہ کریں گے۔شرما ٹیلی ویژن پر مشہور کامیڈی شو’دی کپل شرما شو‘کی میزبانی کرتے ہیں۔وہ 2007میں ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج ‘کے فاتح رہ چکے ہیں اور بعد میں انہوں نے مشہور کامیڈی شو ’کامیڈی نائٹس ود کپل ‘کی میزبانی کی تھی۔گزشتہ سال شرما نے اپنی پہلی فلم ’کس کس کو پیار کروں‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔